وہ حرف و صوت و صدا

وہ حرف جو فضائے نیلگوں کی وسعتوں میں قید تھا

وہ صوت جو جو حصار خامشی میں جلوہ ریز تھی

صدا جو کوہسار کی بلندیوں پہ محو خواب تھی

ردائے برف سے ڈھکی

وہ لفظ جو فضا کے نیلے آنچلوں سے چھن کے

جذب ہو رہا تھا

ریگ زار وقت میں

جو ذرہ ذرہ منتشر تھا

دھندلی دھندلی ساعتوں کی گرد میں

وہ معنیٔ گریز پا

لرز رہا تھا جو رگ حیات میں

وہ رمز منتظر کہ جو ابھی نہاں تھا

بطن کائنات میں

وہ حرف و صوت و صدا

وہ لفظ منتشر

وہ رمز منتشر

وہ معنیٔ گریز پا

بس ایک جست میں

حصار خامشی کو توڑ کر

پگھل کے میرے درد و آرزو کی آنچ میں

نوا و نطق کی ساعتوں میں ڈھل گیا

وہ آبشار نغمہ و نوا

کہ کوہسار سرد سے گرا

کہ گونجتی گپھاؤں سے ابل پڑا

وہ جوئے ذات

نغمۂ حیات

جو رواں دواں ہے بحر بیکراں کی کھوج میں

(1214) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Wo Harf-o-saut-o-sada In Urdu By Famous Poet Zahida Zaidi. Wo Harf-o-saut-o-sada is written by Zahida Zaidi. Enjoy reading Wo Harf-o-saut-o-sada Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Zahida Zaidi. Free Dowlonad Wo Harf-o-saut-o-sada by Zahida Zaidi in PDF.