جو ان سے کہو وہ یقیں جانتے ہیں

جو ان سے کہو وہ یقیں جانتے ہیں

وہ ایسے ہیں کچھ بھی نہیں جانتے ہیں

بڑے جنتی ہیں یہ مے خوار زاہد

مئے تلخ کو انگبیں جانتے ہیں

جوانی خود آتی ہے سو حسن لے کر

جواں کوئی ہو ہم حسیں جانتے ہیں

شب ماہ بنتی ہے ہر شب مرے گھر

یہ سب بادہ وش مہ جبیں جانتے ہیں

بناوٹ بھی اک فن ہے جو جانتا ہو

تری سادگی کچھ ہمیں جانتے ہیں

نگاہیں نہ آنکھوں کے گھونگھٹ سے نکلیں

ادائیں غضب شرمگیں جانتے ہیں

تری کم نگاہی سے ابھرے ہیں فتنے

تجھے غیر چیں بر جبیں جانتے ہیں

مری جان پر رات بن بن گئی ہے

مرا حال کچھ ہم نشیں جانتے ہیں

جو واقف نہیں لطف تجدید سے کچھ

وہ توبہ کی لذت نہیں جانتے ہیں

وہ شرمیلی آنکھیں وہ شرمیلی باتیں

وہ ہنسنا بھی کھل کر نہیں جانتے ہیں

مری بت پرستی بھی ہے حق پرستی

مرا مرتبہ اہل دیں جانتے ہیں

بڑے پاک طینت بڑے صاف باطن

ریاضؔ آپ کو کچھ ہمیں جانتے ہیں

(500) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Riyaz Khairabadi. is written by Riyaz Khairabadi. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Riyaz Khairabadi. Free Dowlonad  by Riyaz Khairabadi in PDF.