مار ڈالے گی ہمیں یہ خوش بیانی آپ کی

مار ڈالے گی ہمیں یہ خوش بیانی آپ کی

موت کا پیغام آئے گا زبانی آپ کی

زندگی کہتے ہیں کس کو موت کس کا نام ہے

مہربانی آپ کی نا مہربانی آپ کی

بعد مردن کھینچ لایا جذب دل سینے پہ ہاتھ

اک انگوٹھی میں جو پہنے تھا نشانی آپ کی

بڑھ چکا قد بھی فروغ حسن کی حد ہو چکی

اب تو قابل دیکھنے کے ہے جوانی آپ کی

آپ سے مل کے گلے راحت سے آ جاتی ہے نیند

سبزۂ خوابیدہ ہے پوشاک دھانی آپ کی

رنگ عالم کا بدلنا آپ کے صدقے میں ہے

جمع کر رکھی تھیں پوشاکیں پرانی آپ کی

آنکھوں پر بندھوائی پٹی تا نہ دیکھوں اور کو

مر گیا میں پر وہی ہے بد گمانی آپ کی

جب وہ مجھ کو دیکھتا ہے ہنس کے کہتا ہے رشیدؔ

کتنی پابند وفا ہے زندگانی آپ کی

(583) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

In Urdu By Famous Poet Rasheed Lakhnavi. is written by Rasheed Lakhnavi. Enjoy reading  Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Rasheed Lakhnavi. Free Dowlonad  by Rasheed Lakhnavi in PDF.