میری حالت دیکھیے اور ان کی صورت دیکھیے
میری حالت دیکھیے اور ان کی صورت دیکھیے
پھر نگاہ غور سے قانون قدرت دیکھیے
سیر مہتاب و کواکب سے تبسم تابکے
رو رہی ہے وہ کسی کی شمع تربت دیکھیے
آپ اک جلوہ سراسر میں سراپا اک نظر
اپنی حاجت دیکھیے میری ضرورت دیکھیے
اپنے سامان تعیش سے اگر فرصت ملے
بیکسوں کا بھی کبھی طرز معیشت دیکھیے
مسکرا کر اس طرح آیا نہ کیجے سامنے
کس قدر کمزور ہوں میں، میری صورت دیکھیے
آپ کو لایا ہوں ویرانوں میں عبرت کے لیے
حضرت دل دیکھیے اپنی حقیقت دیکھیے
صرف اتنے کے لیے آنکھیں ہمیں بخشی گئیں
دیکھیے دنیا کے منظر اور بہ عبرت دیکھیے
موت بھی آئی تو چہرے پر تبسم ہی رہا
ضبط پر ہے کس قدر ہم کو بھی قدرت دیکھیے
یہ بھی کوئی بات ہے ہر وقت دولت کا خیال
آدمی ہیں آپ اگر تو آدمیت دیکھیے
پھوٹ نکلے گا جبیں سے ایک چشمہ حسن کا
صبح اٹھ کر خندۂ سامان قدرت دیکھیے
رشحۂ شبنم بہار گل فروغ مہر و ماہ
واہ کیا اشعار ہیں دیوان فطرت دیکھیے
اس سے بڑھ کر اور عبرت کا سبق ممکن نہیں
جو نشاط زندگی تھے ان کی تربت دیکھیے
تھی خطا ان کی مگر جب آ گئے وہ سامنے
جھک گئیں میری ہی آنکھیں رسم الفت دیکھیے
خوش نما یا بد نما ہو دہر کی ہر چیز میں
جوشؔ کی تخئیل کہتی ہے کہ ندرت دیکھیے
(978) ووٹ وصول ہوئے
Meri Haalat Dekhiye Aur Unki Surat Dekhiye In Urdu By Famous Poet Josh Malihabadi. Meri Haalat Dekhiye Aur Unki Surat Dekhiye is written by Josh Malihabadi. Enjoy reading Meri Haalat Dekhiye Aur Unki Surat Dekhiye Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Josh Malihabadi. Free Dowlonad Meri Haalat Dekhiye Aur Unki Surat Dekhiye by Josh Malihabadi in PDF.
Sad Poetry in Urdu, 2 Lines Poetry in Urdu, Ahmad Faraz Poetry in Urdu, Sms Poetry in Urdu, Love Poetry in Urdu, Rahat Indori Poetry, Wasi Shah Poetry in Urdu, Faiz Ahmad Faiz Poetry, Anwar Masood Poetry Funny, Funnu Poetry in Urdu, Ghazal in Urdu, Romantic Poetry in Urdu, Poetry in Urdu for Friends