رشوت خور سرکاری ملازمین
ایسے گیلپ سروے کو ہم کہہ نہیں سکتے دروغ
جو یہ کہتا ہے کہ اب رشوت کو حاصل ہے فروغ
ہم بھی کہتے ہیں کہ سچ ہے آج یہ سروے ضرور
ایک چوتھائی ملازم ہیں یہاں رشوت سے دور
ایک چوتھائی میں بھی وہ لوگ ہیں دس فیصدی
جو کرپشن کو اصولاً بھی سمجھتے ہیں بدی
وہ اصولوں کے سبب سے بات کہتے ہیں کھری
عصمت بی بی نہیں ہے ان کو از ''بے چادری''
باقی ایسے لوگ بھی رحمت ہیں اپنے دور پر
جو کرپشن کے لئے انفٹ ہیں طبی طور پر
وہ صلاحیت جو ہے شرط ایک رشوت خور میں
اس کی ہے بے حد کمی ان کے دل کمزور میں
سو میں دس ایسے بھی سرکاری ملازم ہیں غریب
جس ادارے میں وہ نوکر ہیں وہ خود ہے بد نصیب
پے تو پابندی سے ملتی ہے مگر ال پیڈ ہیں
پوسٹ آفس میں ہیں افسر ڈاکیوں کے ہیڈ ہیں
یہ منی آرڈر ہیں یہ بیمے خطوط اور پارسل
صرف اک تنخواہ پوری ڈاک کا نعم البدل
ریلوے میں جو ملازم ہیں وہ ہیں چلتے ہوئے
دیکھتے ہیں خود بھی اپنا آشیاں جلتے ہوئے
سبز سگنل ہوتا ہے یا سرخ بتی جلتی ہے
ریل کے ہمراہ رشوت کی بھی گاڑی چلتی ہے
محکمے وہ بھی تو ہیں جو توڑ دیتے ہیں مکان
ان کو رشوت خوب ملتی ہے یہ ہے قدرت کی شان
محکمے وہ بھی ہیں جو ہیں پاسباں قانون کے
پاکیٔ داماں میں دھبے دیکھتے ہیں خون کے
مجرموں سے ملتے جلتے نام ہیں ان کو پسند
تھی خطا ''عنبر'' کی لیکن کر دیا ''قنبر'' کو بند
محکمہ وہ بھی ہے جس کے رعب سے ڈرتا ہے شہر
اس کی رگ رگ میں سرایت کر گیا رشوت کا زہر
ایک ملازم وہ بھی ہے تدریس جس کا فرض ہے
جتنی پے ہے اس کی کچھ اس سے زیادہ قرض ہے
ایکسائز اور کسٹم سے سبھی کو پیار ہے
اس جگہ خادم فری سروس کو بھی تیار ہے
یوں بھی اک دفتر نے مجھ پہ خوف طاری کر دیا
بل رقیبوں کا تھا میرے نام جاری کر دیا
اب وہاں چلئے جہاں ویگن کھڑے ہیں مال کے
خوب رشوت چل رہی ہے معرفت دلال کے
میٹرالوجی کو رشوت بھی نہیں دیتا کوئی
لوگ برہم ہیں کہ بے نوٹس کے بارش کیوں ہوئی
کیسا دفتر ہے جو فیوچر کو بنا دیتا ہے پاسٹ
ابر کل برسا تھا لیکن آج کی ہے فورکاسٹ
اور اداروں سے نہیں ملتا جو دفتر میٹ کا
اس لئے دربان بھی غائب ہے اس کے گیٹ کا
میٹرالوجی کا افسر بھی بڑی مشکل میں ہے
وہ یہاں موسم نہیں ہے جو وہاں فائل میں ہے
میٹ آفس نابلد ہے چونکہ کچھ اوصاف سے
لوگ رشوت مانگتے ہیں میٹ کے اسٹاف سے
(3008) ووٹ وصول ہوئے
Rishwat-KHor Sarkari Mulazmin In Urdu By Famous Poet Dilawar Figar. Rishwat-KHor Sarkari Mulazmin is written by Dilawar Figar. Enjoy reading Rishwat-KHor Sarkari Mulazmin Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Dilawar Figar. Free Dowlonad Rishwat-KHor Sarkari Mulazmin by Dilawar Figar in PDF.
Sad Poetry in Urdu, 2 Lines Poetry in Urdu, Ahmad Faraz Poetry in Urdu, Sms Poetry in Urdu, Love Poetry in Urdu, Rahat Indori Poetry, Wasi Shah Poetry in Urdu, Faiz Ahmad Faiz Poetry, Anwar Masood Poetry Funny, Funnu Poetry in Urdu, Ghazal in Urdu, Romantic Poetry in Urdu, Poetry in Urdu for Friends