ادھر دیکھ لینا ادھر دیکھ لینا
ادھر دیکھ لینا ادھر دیکھ لینا
کن انکھیوں سے اس کو مگر دیکھ لینا
فقط نبض سے حال ظاہر نہ ہوگا
مرا دل بھی اے چارہ گر دیکھ لینا
کبھی ذکر دیدار آیا تو بولے
قیامت سے بھی پیشتر دیکھ لینا
نہ دینا خط شوق گھبرا کے پہلے
محل موقع اے نامہ بر دیکھ لینا
کہیں ایسے بگڑے سنورتے بھی دیکھے
نہ آئیں گے وہ راہ پر دیکھ لینا
تغافل میں شوخی نرالی ادا تھی
غضب تھا وہ منہ پھیر کر دیکھ لینا
شب وعدہ اپنا یہی مشغلہ تھا
اٹھا کر نظر سوئے در دیکھ لینا
بلایا جو غیروں کو دعوت میں تم نے
مجھے پیشتر اپنے گھر دیکھ لینا
محبت کے بازار میں اور کیا ہے
کوئی دل دکھائے اگر دیکھ لینا
مرے سامنے غیر سے بھی اشارے
ادھر بھی ادھر دیکھ کر دیکھ لینا
نہ ہو نازک اتنا بھی مشاطہ کوئی
دہن دیکھ لینا کمر دیکھ لینا
نہیں رکھنے دیتے جہاں پاؤں ہم کو
اسی آستانے پہ سر دیکھ لینا
تماشائے عالم کی فرصت ہے کس کو
غنیمت ہے بس اک نظر دیکھ لینا
دیے جاتے ہیں آج کچھ لکھ کے تم کو
اسے وقت فرصت مگر دیکھ لینا
ہمیں جان دیں گے ہمیں مر مٹیں گے
ہمیں تم کسی وقت پر دیکھ لینا
جلایا تو ہے داغؔ کے دل کو تم نے
مگر اس کا ہوگا اثر دیکھ لینا
(1254) ووٹ وصول ہوئے
Idhar Dekh Lena Udhar Dekh Lena In Urdu By Famous Poet Dagh Dehlvi. Idhar Dekh Lena Udhar Dekh Lena is written by Dagh Dehlvi. Enjoy reading Idhar Dekh Lena Udhar Dekh Lena Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Dagh Dehlvi. Free Dowlonad Idhar Dekh Lena Udhar Dekh Lena by Dagh Dehlvi in PDF.
Sad Poetry in Urdu, 2 Lines Poetry in Urdu, Ahmad Faraz Poetry in Urdu, Sms Poetry in Urdu, Love Poetry in Urdu, Rahat Indori Poetry, Wasi Shah Poetry in Urdu, Faiz Ahmad Faiz Poetry, Anwar Masood Poetry Funny, Funnu Poetry in Urdu, Ghazal in Urdu, Romantic Poetry in Urdu, Poetry in Urdu for Friends