تاریخ ایک خاموش زمانہ
یہ ساٹھ صدی کا قصہ ہے
یہ ساٹھ برس کی بات نہیں
تاریخ نے جب آنکھیں کھولیں
سب پانی تھا
پھر پانی پر تصویر بنی
تصویر زمیں پر پھیل گئی
اور اس پر بارش ٹوٹ پڑی
اک بیج کہیں پر
ساٹھ صدی کی آہٹ سے بیدار ہوا
جنگل بن کر پھیل گیا
وہیں کہیں پر میں بھی تھا
تم بھی تھیں
تاریخ نے دستک دی تھی
تاریخ اتری تھی دھرتی پر
وہ رات تھی پورن ماشی کی
پھر دھرتی ہی تاریخ بنی
تاریخ کوئی بندر تو نہیں
تاریخ کوئی چہرہ تو نہیں
تاریخ تو ایک سمندر ہے
جو پورن ماشی کی راتوں میں
پاگل ہو کر پھیلتا ہے
اور سب کو بہا لے جاتا ہے
تاریخ کوئی خاموش زمانہ ہوتا ہے
جو صدیوں تک موسم کی گود میں سوتا ہے
پھر کروٹ لے کر جاگتا ہے
ایسا مجھ کو
گوتمؔ بدھ نے گیان سمے سمجھایا تھا
اور یہ تو مجھ سے آخری آدمی نے پوچھا تھا
ارے میاں کس کھونٹ چلے ہو
ٹھہرو
یہ ساٹھ صدی کا قصہ ہے
کچھ اور نہیں ہے
اور میرے اندر تو ان صدیوں کی وہ گونج بسی ہے
جو اگلی کتنی صدیوں تک
پورن ماشی کی راتوں میں
آواز بنے گی
یہ ساٹھ صدی کا قصہ ہے
کچھ اور نہیں ہے
میرے اندر ساٹھ صدی کی گونج بسی ہے
میں اور تم اس گونج میں گیان کنارے
آ کر بیٹھ گئے تھے
تاریخ نے جب اس دھرتی پر بسرام کیا
جب قصہ گو کی لوری میں ہم سوتے تھے
اور چڑیوں کی چہکار میں آنکھیں کھولتے تھے
موسم کے مزاج میں رچی ہوئی باتوں میں
امرت گھولتے تھے
یہیں کہیں پر ہم تم
میرؔ اور میراؔ کے دکھ دل میں البم کرتے تھے
وہ دکھ تندور کی روٹی میں پک جاتے تھے
میری اور تمہاری ماں
وہ روٹی اپنے دل کے تندور سے لاتی تھی
پھر بھوک ہماری پہلے سے بڑھ جاتی تھی
میں اور تم تاریخ کے بیج سے پھوٹیں گے
اور گوتمؔ بدھ کے جنگل جیسی عمر میں ڈھل جائیں گے
(995) ووٹ وصول ہوئے
TariKH Ek KHamosh Zamana In Urdu By Famous Poet Asghar Nadeem Sayed. TariKH Ek KHamosh Zamana is written by Asghar Nadeem Sayed. Enjoy reading TariKH Ek KHamosh Zamana Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Asghar Nadeem Sayed. Free Dowlonad TariKH Ek KHamosh Zamana by Asghar Nadeem Sayed in PDF.
Sad Poetry in Urdu, 2 Lines Poetry in Urdu, Ahmad Faraz Poetry in Urdu, Sms Poetry in Urdu, Love Poetry in Urdu, Rahat Indori Poetry, Wasi Shah Poetry in Urdu, Faiz Ahmad Faiz Poetry, Anwar Masood Poetry Funny, Funnu Poetry in Urdu, Ghazal in Urdu, Romantic Poetry in Urdu, Poetry in Urdu for Friends