Warning: session_start(): open(/var/cpanel/php/sessions/ea-php56/sess_7265757ecb12a9102af4c6c6dc915be8, O_RDWR) failed: Disk quota exceeded (122) in /home/dars/public_html/helper/cn.php on line 1

Warning: session_start(): Failed to read session data: files (path: /var/cpanel/php/sessions/ea-php56) in /home/dars/public_html/helper/cn.php on line 1
آندھی کا رجز - احمد جاوید کی شاعری - Darsaal

آندھی کا رجز

سناٹوں کی تہ میں غاصبانہ رفتار سے بڑھتا ہوا

کسی مسروقہ راز کا دبیز خلا

اور اس میں تیزی سے گردش کرتا ہوا

ایک جلا وطن سیارہ

کسی اجاڑ کہکشاں کو نہ چھوڑنے پر مصر

روشنی کی باقی ماندہ آواز

اور شکستہ آفاق کے خاکستری گہراؤ میں

سورج کے فوری غیاب کے

مٹتے ہوئے آثار

مجھے بچانا ہے

اس کائناتی ورثے کو

سرابوں کی تیزابی پھنکار کے ساتھ

زلزلوں کی جلتی پیٹھ کو ڈھال بنا کر

اور آگ کے فوارے کی کمک لے کر

جو کسی قدیم سیاف کی

پر خراش نیام میں محبوس ہے

اس لامتناہی خرابے کے لیے

مجھے ایجاد کرنی ہے ایک نئی بہار

موت کی مایوس اور مضمحل غضب ناکی کو

وقت کے غیر متوازن بوجھ سے تڑخی ہوئی زمینوں پر

از سر نو بالیدہ کر کے

ادھورے سایوں کے غول

تاریخ کے آسیبی چھکڑے کو

بے پروائی اور اناڑی پن سے کھینچتے ہیں

سیاروں کی گزر گاہیں

بھربھری اور مکدر ہو گئی ہیں

کائنات کے منہ پر

کھرونچے پڑ گئے ہیں

سیاسی جتنے گہرے عدم جتنے لمبے

روند میں آئی ہوئی پیلی پتیوں کی طرح

ستارے آسمان پر لیپ دیے گئے ہیں

ان کہ مرطوب جھلملاہٹ اندھیروں کو اکساتی ہے

اور نحوستوں کا حوصلہ بڑھاتی ہے

میں ہزاروں نوری برس کے رقبے کو

زمان و مکان کی ناروا عمل داری سے

نکالنے کے لیے اٹھی ہوں

پگھلے ہوئے فولاد کے فوارے کی طرح

ایک پر غبار مسماری ایک خار دار دخانی اٹھان کے ساتھ

بنی نوع انسان

تمہارے لیے یہی بہتر ہے کہ

جرثوموں کی طرح میری آنکھ سے اوجھل رہو

میری راہ میں اپنے شہر اور ویرانے مت بچھاؤ

ورنہ مجھے غصہ یا ہنسی آ جائے گی

اور یہ طغیانی پہاڑ اور تنکے کو ہم وزن جانتی ہے

اے حشرات الارض! میرے پیر بہت بڑے ہیں

کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہاری زمین

خشخاش کے دانے کی طرح

میرے کف پا سے چپک جائے

اور مجھے پتا بھی نہ چلے

(1473) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Aandhi Ka Rajaz In Urdu By Famous Poet Ahmad Javed. Aandhi Ka Rajaz is written by Ahmad Javed. Enjoy reading Aandhi Ka Rajaz Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Ahmad Javed. Free Dowlonad Aandhi Ka Rajaz by Ahmad Javed in PDF.