Warning: session_start(): open(/var/cpanel/php/sessions/ea-php56/sess_369c38b834ff49bff924654420c8b8f0, O_RDWR) failed: Disk quota exceeded (122) in /home/dars/public_html/helper/cn.php on line 1

Warning: session_start(): Failed to read session data: files (path: /var/cpanel/php/sessions/ea-php56) in /home/dars/public_html/helper/cn.php on line 1
حشر کی صبح درخشاں ہو مقام محمود - عادل منصوری کی شاعری - Darsaal

حشر کی صبح درخشاں ہو مقام محمود

رات داڑھی کے اندھیرے سے تکلف برتے

عرش کے سامنے رسوائی کی گردن نہ اٹھے

اذن سجدہ پہ کمر تختہ نہ ہو جائے کہیں

کھوکھلے لفظوں میں لوہا تو نہیں بھر سکتے

سیکڑوں سال کی تبلیغ کے چالیس ثمر

کشتی بن جائے تو تنور سے پانی ابلے

سالہا سال سے آرام نتیجہ مطلوب

تین سو ساٹھ صنم خانۂ کعبہ سے چلے

ریگ زاروں میں غبار اور کھجوری سائے

اونٹ کی آنکھ میں تشہیر ہوا درد سفر

کوئی ہندہؔ سے کہے دانت کہاں ہیں تیرے

فتح مکہ سے مگر لوگ ہدایت پائیں

خون جم جائے جو نعلین میں چلتے چلتے

عرش کی آنکھ سے رحمت کا سمندر ابلے

جبرئیل اپنی ہیئت میں ہیں نمائش منظر

پاؤں پاتال میں سر چرخ سے ٹکرائے کہیں

پر جو کھولے تو ہر اک سمت پہ پردے لٹکیں

اور جلتا ہوا سورج ابھی کھو جائے کہیں

قافلہ آیا ہے بو بکرؔ سے منسوب مگر

مال تقسیم ہوا دامن حاجت منداں

نور کندھے پہ اٹھائے شب ہجرت کے سفیر

غار میں ساتھ رہے پاس ہی پیوند ہوئے

مسجد نبوی میں انبار غنیمت روشن

لوگ روتے ہوئے نکلے ہیں پریشاں منظر

روشنی پہنچی ابو جہلؔ کی دیواروں تک

گھر کی تاریکی میں رستہ نہ بنے بینائی

پیڑ کے سائے کی پہچان یہودی راہب

رک گیا آب رواں بیوہ کے دروازے پر

دست زہرا میں نشانات عیاں چکی سے

علم کے باب علیؔ عمر میں سب سے چھوٹے

چاند کا نام ترے چاک گریبانوں میں

مبتدی ڈھونڈتے ہیں مسجد اقصیٰ میں امام

سدرۃ المنتہیٰ جبریل اجازت مانگے

کون تھا کس نے پکارا کہ چلے بھی آؤ

کون موجود تھا پہلے سے وہاں کون گیا

کون سنتا تھا وہاں کس نے پکارا کس کو

کس کی آواز کی تنویر سے عالم چمکے

سربلندی تھی مقدر میں قلم سے پہلے

بکریاں کون حلیمہؔ کی چرانے جائے

آمنہؔ بطن سے اظہار ہے آدم کا عروج

مجتمع کس نے کیا لوگوں کو پربت کے قریب

کس نے للکارا ضلالت کو مسلسل تنہا

جو کی روٹی کبھی مل جائے کبھی فاقہ کشی

بھوک سے پیٹ پہ پتھر کبھی باندھے کس نے

تین سو تیرہ کی تعداد ہے کس گنتی میں

فکر پہ دائرہ کن خندقیں کھودی جائیں

دور کی دھوپ میں ہے فیصلہ کن راہ تبوک

حنظلہؔ سامنے آ جائیں جو چھٹ جائے غبار

میں نے پہنچا دیا تم تک جو مجھے پہنچا تھا

میں نے پہنچا دیا تم تک جو مجھے پہنچا تھا

میں نے پہنچا دیا تم تک جو مجھے پہنچا تھا

کوئی پردیسی ہے خیمے پہ پریشاں صورت

اور فاروقؔ چلے بیوی کو ہمراہ لیے

فاصلے توڑ کر آواز کے سائے پھیلے

حاکم وقت کا کرتا کئی پیوند لگا

بکریاں جس سے سنبھالی نہیں جاتیں تھیں کبھی

نصف دنیا پہ خلافت کے علم لہرائے

یاد ہے صاحبو خیبر کو اکھاڑا کس نے

کس کی تلوار تھی آئینہ زمانے کے لیے

کس نے زرخیز شجاعت کے ستارے بوئے

جان دی جاوداں لمحات تلاوت مشغول

خون کے دھبے ہیں قرآن پہ تابندہ نظر

کون روتا تھا مصلے پہ ہماری خاطر

پیر ورما گئے کس کے شب سجدہ و قیام

دو مہینوں میں مکانوں سے دھواں تک نہ اٹھے

فکر امت کہ ہر اک لمحہ لہو میں کروٹ

جسم روشن تھا چٹائی کے نشاں بھی روشن

گالیاں کھاتے پھریں مکہ کے بازاروں میں

اور تنہا کبھی طائف سے نکالے جائیں

مرحبا شکر کا ٹھہراؤ بہشتی زیور

مرحبا صبر کا عرفان کہ معراج حیات

نور مجسوم ہوا گنبد خضرا مرکوز

حشر کی صبح درخشاں ہو مقام محمود

ہاتھ روشن رہے کوثر سے قرابت منظر

خون اب سرد ہوا جاتا ہے شریانوں میں

اور بڑھتی ہوئی تعداد بھروسا توڑے

نفس دوڑاتا ہے پھر جانب شہوت گھوڑے

لذت شے میں ہیں معدوم چراغوں کی لویں

روشنی اپنے پڑوسی کو بھی پہنچا نہ سکے

روح اب شعلگی مانگے ہے ہر اک ذرے سے

کوئی الیاس کی باتوں پہ ذرا کان دھرے

کوئی یوسف سے شہادت کے معانی پوچھے

کوئی تقسیم کرے وقت کو مسجد مسجد

کوئی بیعت تو کرے دست زکریا حاضر

مرکز عشق پہ پہنچو تو ہو انعام نظر

ایک اک لمحہ کے چہرے سے عیاں اذن سفر

گمرہی قلعوں میں محفوظ رہے گی کب تک

سر اٹھائے گی ہوا بادباں کھل جائیں گے

بند دروازوں پہ دستک کی صدا گونجے گی

دھوپ دہلیز پہ پہنچائے گی مہمانوں کو

سائباں سر پہ ابابیل لیے ساتھ چلے

تلخ تہذیب کے صحرا میں اذاں لہرائے

گونج اٹھے گا حرم نعرۂ لبیک، زمیں

تیرے قدموں میں اگل دے گی خزانے اپنے

تیری تقلید میں مغرب کی بقا پوشیدہ

تیری تذلیل میں جو ہاتھ اٹھے کٹ جائے

تیری نصرت کے لیے آسماں کوشش مقصود

سلسلے تیرے بنیں زیب جہان فانی

نور مجسوم ہوا گنبد خضرا مرکوز

حشر کی صبح درخشاں ہو مقام محمود

(1237) ووٹ وصول ہوئے

Your Thoughts and Comments

Hashr Ki Subh DaraKHshan Ho Maqam-e-mahmud In Urdu By Famous Poet Adil Mansuri. Hashr Ki Subh DaraKHshan Ho Maqam-e-mahmud is written by Adil Mansuri. Enjoy reading Hashr Ki Subh DaraKHshan Ho Maqam-e-mahmud Poem on Inspiration for Students, Youth, Girls and Boys by Adil Mansuri. Free Dowlonad Hashr Ki Subh DaraKHshan Ho Maqam-e-mahmud by Adil Mansuri in PDF.